داسو پن بجلی منصوبہ،دریائے سندھ کا رخ موڑنے کےلئے پہلی ٹنل کی تعمیر مکمل

اتوار 19 فروری 2023ء

تفصیلات کےمطابق ٹنل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد دریا اپنے اصل رستے کی بجائے ٹنل سے گزر رہا ہے،ڈائی ورشن ٹنل ایک اعشاریہ تین کلو میٹر سے زائدطویل بیس میٹر چوڑی اور تئیس میٹر بلند ہے۔ دریائے سندھ کا رُخ موڑے جانے کے بعد عارضی ڈیم پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ عارضی ڈیم مکمل ہونے پر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے مین ڈیم کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا ڈائی ورشن سسٹم دو ٹنل پر مشتمل ہے۔ اِن میں سے ایک ٹنل مکمل ہو چکی ہے اور پانی کے کم بہاؤ کے موجودہ سیزن میں دریائے سندھ کا پانی گزارنے کے لئے کافی ہے۔ زیر تعمیر دوسری ٹنل اپریل کے وسط تک مکمل ہو جائے گی اور موسم گرما کے دوران جب دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا تو یہ ٹنل بھی دریائے سندھ کا پانی گزارنے کے لئے دستیاب ہوگی۔ واضح رہے کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ واپڈا کی سستی اور ماحول دوست پن بجلی پیدا کرنے کا زیر تکمیل اہم منصوبہ ہے۔ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں داسو سے بالائی جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جارہاہے۔ اِس منصوبہ کی مجموعی پیداواری صلاحیت چار ہزار تین سو بیس میگاواٹ ہے اور اسے دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ اِس وقت واپڈا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو تعمیر کر رہا ہے۔ جس کی پیداواری صلاحیت دو ہزار ایک سو ساٹھ میگاواٹ ہے۔ پہلے مرحلے سے بجلی کی پیداوار کا آغاز دوہزار چھبیس میں متوقع ہے اور یہ ہر سال نیشنل گرڈ کو اوسطاً بارہ ارب یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کرے گا۔ دوسرا مرحلہ بھی دوہزار ایک سو ساٹھ میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل ہوگا اور مکمل ہونے پر سالانہ نو ارب یونٹ مزید پن بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کرے گا۔ دونوں مراحل مکمل ہونے پر اکیس ارب یونٹ کے ساتھ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سالانہ پیداوار کے اعتبار سے پاکستان کا سب سے بڑا پن بجلی منصوبہ ہوگا۔




``
دوسری جنگ عظیم کا پراسرار بنکر دریافت۔۔ کینسر پر تحقیق کےلئے فنڈز اکھٹا کرنے کا انوکھا طریقہ لاس الگوڈونس،دانتوں کے ڈاکٹرز کے حوالے سے مشہور پستہ قد روسی ٹک ٹاکر گرفتار
سانپ تھراپی،نیا طریقہ علاج؟ دنیا کی مہنگی ترین جیکو کافی کی عجب کہانی برگر کی قیمت سات سو ڈالر بحیرہ احمر میں شارک سیاح کو نگل گئی