ایک سو ستر ارب روپے کے نئے ٹیکس،ضمنی مالیاتی بل دوہزار تئیس قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش |
|
بدھ 15 فروری 2023ء | |
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ضمنی مالیاتی بل 2023 ایوان میں پیش کیا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے گزشتہ دور میں معیشت ترقی کر رہی تھی، مسلم لیگ ن کے دور میں جی ڈی پی میں ایک سو بارہ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا بیرونی سرمایہ کاری بھی بڑھی لیکن پی ٹی آئی کے دور میں ملکی تاریخ کے ریکارڈ قرضے لیے گئے،جبکہ عام آدمی کی آمدن میں کمی آئی۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نےعمران حکومت کے آئی ایم ایف سے کیے وعدوں کو نبھایا، جس کی بہت بڑی سیاسی قیمت ادا کر رہے ہیں، لیکن ہم سمجھتے ہیں سیاست نہیں ریاست اہم ہے۔ اسحاق ڈار نے ضمنی مالیاتی بل قومی اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے عوام کو سادگی اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پرتعیش اشیا پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح بڑھاکر سترہ سے پچیس فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ شادی ہالز کی تقریبات کے بلوں پر دس فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویزبھی ضمنی بل کا حصہ ہے جبکہ سگریٹ اور مشروبات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافے کی تجویز ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو ملک میں مہنگائی زیادہ ہونے کا احساس ہے اس لیے ہم نے کوشش کی ہے کہ غریب عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے،اس لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظیفے میں اضافہ کیا جا رہا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں چالیس ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور بی آئی ایس پی کی رقم تین سو ساٹھ ارب روپے سے بڑھا کر چار سو ارب روپے کی جا رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ محصولات کا ایک سو ستر ارب موجودہ اور پچھلا ٹارگٹ پورا کیا جائے گا، جبکہ پانچ سال پرانے ٹریکٹرز کی درآمد کی اجازت دے دی گئی ہے، کسانوں کے لیے دوہزار ارب ارب روپے کا پیکج دے چکے ہیں جس میں سے ایک ہزار ارب روپے تک تقسیم کیے جا چکے ہیں، کسانوں کو زرعی آلات پر سستے قرضے دیے جائیں گے اور کسانوں کو کھاد پر 30 ارب روپے دیے جا رہے ہیں جبکہ یوتھ لون کے لیے 30 ارب روپے رکھے گئے ہیں، 75 ہزار سولر ٹیوب ویل لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسحق ڈارکاکہنا تھا ادویات، پیٹرولیم، اسپورٹس کی ایل سیز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، ابتدائی طور پر معاشی ترقی کی رفتار سست ہو گی مگر بعد میں یہ شرح چار فیصد تک ہونے کا امکان ہے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد مالیاتی ضمنی بل پر قوم کو اعتماد میں لیں گے بعدازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں بھی ضمنی مالیاتی بل 2023 پیش کیا، اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا گیا |