پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ،مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں قومی خزانے کو 50 ارب روپے کی بچت

جمعرات 19 اکتوبر 2023ء

رواں مالی سال پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ،پہلی سہ ماہی میں واپڈا نے نیشنل گرڈ کو 15ارب 2لاکھ یونٹ بجلی مہیا کی،اضافی پیداوار سے قومی خزانہ کو تقریباً50 ارب روپے کی بچت ہوئی، واپڈا پن بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 3روپے 51پیسے فی یونٹ ہے 19 تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران واپڈا پن بجلی گھروں نے نیشنل گرڈ کو 15 ارب 2لاکھ یونٹ پن بجلی مہیا کی ہے، جو پچھلے سال اسی عرصہ کے دوران پیدا ہونے والی پن بجلی کے مقابلے میں ایک ارب 78کروڑ 80 لاکھ یونٹ زیادہ ہے۔ اِس اضافی پن بجلی کی پیداوار سے قومی خزانے کو تقریباً 50 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے،اگر پن بجلی کی اِس اضافی پیداوار کے برابر درآمدی فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنا پڑتی،تو قومی خزانہ کو تقریباً 50 ارب روپے مزید خرچ کرنا پڑتے۔ اعداد و شمار کے مطابق سہ ماہی کے دوران پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے عوامل میں پانی کی بہتر صورتِ حال، واپڈا پن بجلی گھروں کے موثر آپریشن اور دیکھ بھال کے علاوہ رواں سال اگست میں نیلم جہلم ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداوار کا دوبارہ آغاز شامل ہیں۔ مالی سال-24 2023 میں جولائی سے ستمبر تک واپڈا پن بجلی کے اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے نیشنل گرڈ کو 6839.27ملین یونٹس، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبہ سے 2859.67ملین یونٹس، غازی بروتھا سے 2229.24ملین یونٹس،منگلا سے 1113.45ملین یونٹس،نیلم جہلم سے 707.62ملین یونٹس، وارسک سے 317.66ملین یونٹس اور چشمہ ہائیڈل پاور سٹیشن سے 270.27ملین یونٹس بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی گئی، جبکہ واپڈا کے دیگر پن بجلی گھروں سے مجموعی طور پر 664.97ملین یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔ پن بجلی پاکستان میں دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی بجلی کے مقابلے میں سستی ترین اورماحول دوست بجلی ہے۔ پن بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 3 روپے 51پیسے فی یونٹ ہے، جبکہ 700یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کا ملکی سطح پر اوسط یونیفارم ٹیرف 42 روپے 95پیسے فی یونٹ ہے۔ نیلم جہلم سمیت واپڈا کے22 بجلی گھر ہیں، جن کی پیداواری صلاحیت تقریباً 9ہزار 500میگاواٹ ہے۔ واپڈا نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کے تناسب میں اضافہ کے لئے ایک مربوط پروگرام پر عمل کر رہا ہے، جس کے تحت 2029 تک واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کی مرحلہ وار تکمیل سے پن بجلی کی پید اوار ی صلاحیت دو گنا ہو جائے گی اور یہ 9ہزار 500میگاواٹ سے بڑھ کر 19 ہزار 500 میگاواٹ ہو جائے گی۔ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں میں دیا مر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ قابل ذکر ہیں۔




``
دوسری جنگ عظیم کا پراسرار بنکر دریافت۔۔ وینس کی گرینڈ کینال کا پانی سبز ہو گیا سانپ تھراپی،نیا طریقہ علاج؟ بھارت میں دلہن شادی کی رسومات چھوڑ کر چلی گئی؟
ڈولفن بھی نشہ کرنے لگی؟ ایران میں بنا بلیوں کا میوزیم آسٹریلیا میں ایک میٹر تک بڑے مشروم کھل اٹھے آسٹریلیا میں ایک میٹر تک بڑے مشروم کھل اٹھے