سائفر کیس ،چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت نہ ہوسکی |
|
هفته 09 ستمبر 2023ء | |
سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج پھر نہ ہوسکی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کیلئے پی ٹی آئی وکلاء نعیم پنجوتھا، انتظار پنجوتھا، علی بخاری اور خالد یوسف پیش ہوئے۔ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی رخصت کے باعث سماعت گیارہ ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ صرف چئیر مین پی ٹی آئی کے لئے انصاف کے دروازے بند ہیں۔ جب سزا دینی تھی تو سیشن کورٹ میں پانچ دن میں فیصلہ ہوا۔ کل جج صاحب ریمانڈ دینے آ گئے اور آج چھٹی پر چلے گئے۔ چئیر مین پی ٹی آئی کو انصاف نہ دینا درخواست ضمانت پر سماعت نہ کرنا ظلم ہے۔ ہائیکورٹ سے درخواست ہے کہ ہماری دائر درخواست پر سماعت کریں۔ سپریم کورٹ سے گزارش ہے کہ پروڈکشن آرڈر جاری کر کے چئیر مین پی ٹی آئی کو طلب کریں اور ہمیں سنیں۔ |