تعلقات بہتر بنانے کا مشن،امریکی وزیر خارجہ چین پہنچ گئے |
|
اتوار 18 جون 2023ء | |
عالمی میڈیا کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور سے شروع ہونے والے تناؤ اور کشیدگی کے بعد کسی بھی اعلیٰ امریکی حکومتی عہدیدار کا چین کا پہلا دورہ ہے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن چین کے دو روزہ دورے میں اپنے چینی ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے جس میں متوقع طور پر تعلقات کی بحالی کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے حال ہی میں تائیوان کے معاملے پر چین اور امریکا کے درمیان تعلقات نہایت کشیدہ ہوگئے تھے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو سنگین دھمکیاں دی تھیں۔ اس قبل دونوں ممالک ایک دوسرے پر سخت اقتصادی پابندیاں بھی لگاچکے ہیں۔ یاد رہے امریکی وزیر خارجہ کو رواں برس فروری میں چین کا دورہ کرنا تھا لیکن امریکا کی فضائی حدود میں چین کے جاسوسی غباروں کی موجودگی اور امریکی فوج کے اسے مار گرانے کا دعویٰ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تناؤ کے باعث یہ دورہ منسوخ کردیا گیا تھا۔تاہم اس کے باوجود امریکی وزیر خارجہ کی چین آج آمد کا مقصد اعلیٰ سطح کے رابطوں اور تعلقات میں مزید خرابی سے بچنا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق انٹونی بلنکن کے دورہ چین سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کسی بھی قسم کی بڑی پیش رفت کا امکان کم ہے لیکن توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں مزید ملاقاتوں کا دروازہ کھل جائے گا۔ چین روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ ’غلط فہمیوں‘ کے خاتمے اور چین کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی کوشش کریں گے۔ |