توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل،سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو کل سماعت کی ہدایت کردی

بدھ 23  اگست 2023ء

توشہ خانہ کیس سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت، سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو کل صبح کیس کی سماعت کی ہدایت کردی، عدالت نے کہا ہائی کورٹ کے بعد کل دن ایک بجے سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے بادی النظر میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں غلطیاں ہیں، چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا، لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا کوئی فوجداری کارروائی تاحکم ثانی نہیں ہوگی،الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے فوجداری شکایت درج کرائی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو الیکشن کمیشن نے مقدمہ درج کرانے کی اتھارٹی نہیں دی تھی،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی؟ وکیل نے جواب دیا توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کرینگے، چیف جسٹس نے کہا درخواست وہاں ہی دائر ہوسکتی ہے جس عدالت کی توہین ہوئی ہو، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ٹرائل کورٹ سے مقدمہ ختم ہوچکا،موجودہ کیس کا ہائی کورٹ میں زیرالتواء اپیل پر براہ راست اثر پڑے گا،چیف جسٹس نے کہا ہر مرتبہ غلط بنیاد پر بنائی گئی عمارت نہیں گر سکتی، تمام نکات ہائی کورٹ میں اٹھائیں تو زیادہ مناسب ہوگا، لطیف کھوسہ نے جواب دیا ایک جج نے ہمارے خلاف فیصلہ دیا واپس اسی جج کو ہمارا کیس بھیجا گیا،وہ جج فیصلہ دے کر لندن روانہ ہوگئے،چیف جسٹس نے کہا لندن والی بات نہ کریں، آپ نے اس جج پر تعصب کا الزام نہیں لگایا تھا،آپ نے کہا تھا ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں فیصلہ کیا، بلاوجہ کیس ایک جج سے دوسرے جج کو منتقل کرنے سے عدالتوں کا مورال کم ہوتا ہے،سپریم کورٹ یہاں اپنے ہر ایک جج کے دفاع کے لیے بیٹھی ہے، لطیف کھوسہ بولےہم نے اس عدلیہ کے لیے اپنا خون بہایا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہااس لیے آپ سے توقعات زیادہ ہیں، لطیف کھوسہ نے جواب دیا ہم آپ کے لیے حاضر ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہمارے لیے نہیں اس کرسی کے لیے، چیف جسٹس نے کہا ہائیکورٹ کے بتائے نکات پر ٹرائل کورٹ نے فیصلہ کیا یا نہیں؟وکیل نے جواب دیا ٹرائل کورٹ نے ان نکات پر فیصلہ نہیں کیا، ایڈیشنل ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا ٹرائل کورٹ اٹھائے گئے تمام نکات پر فیصلہ دے چکی ہے، فیصلے کیخلاف کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل پر سماعت مقرر ہے،الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا پانچ اگست کو ملزم کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا تو سزا سنائی گئی،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا ملزم نے گواہ پیش کرنے کا کہا تھا؟وکیل نے جواب دیا ملزم کے گواہان کو عدالت نے غیر متعلقہ قرار دیا تھا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے فوجداری کیس میں گواہ کو غیر متعلقہ کیسے کہا جاسکتا ہے؟جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ٹرائل کورٹ کو اتنی کیا جلدی تھی جو صفائی کا موقع ہی نہیں دیا گیا، ٹرائل کورٹ نے اپنے کالعدم شدہ فیصلے کی بنیاد پر کیسے فیصلہ کردیا؟چیف جسٹس نے کہا اس طرح تو فیصلے میں غلطیاں ثابت ہوگئی ہیں، الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا غلطیوں کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس دادرسی کا فورم موجود ہے، چیف جسٹس نے کہا آپ کہنا چاہتے ہیں عدالت آج ہی ملزم کو رہا کر دے، آپ اس طرح کا طرز عمل کیسے اپنا سکتے ہیں؟کیا فوجداری مقدمات کی سماعت ایسے ہوتی ہے کہ ایک ہی دن میں سزا ہوجائے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے پہلی بات یہ ثابت ہوئی کہ ملزم کو حق دفاع نہیں دیا گیا،دوسری بات یہ ثابت ہوئی کہ ریمانڈ آرڈر کے اگلے ہی دن سزا دے کر ملزم کو جیل بھیج دیا گیا، فی الحال ان غلطیوں پر مداخلت نہیں کرینگے،کل ہائیکورٹ میں ہونے والی سماعت کو دیکھیں گے، کل ہائیکورٹ میں سماعت ہو جانے کے بعد ہم مقدمہ سنیں گے،جسٹس مظاہر نقوی نے کہا توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی، کیا ہر کیس میں اس طرح فیصلے ہوتے ہیں؟سپریم کورٹ نےچیئرمین تحریک انصاف کی اپیلوں پر نوٹسز جاری کردیئے، عدالت نے کہا درخواست گزار کے اٹھائے قانونی نکات سنجیدہ ہیں، درخواست گزار کے نکات کا جائزہ لینا ضروری ہے، کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی گئی۔




``
آسٹریلیا میں ایک میٹر تک بڑے مشروم کھل اٹھے سمندری طوفانوں کے نام ،شرائط اور طریقہ کار چھیالیس سالہ خاتون ٹیٹوز کا عالمی ریکارڈ بنانے کی خواہاں اٹلی،ٹریفک کو بحال رکھنے کےلئے انوکھا قانون متعارف
دنیا کا سب سے چھوٹا،کیسا اور کہاں واقع ہے جانیئے۔۔۔۔۔۔ برگر کی قیمت سات سو ڈالر آسٹریلیا میں ایک میٹر تک بڑے مشروم کھل اٹھے پستہ قد روسی ٹک ٹاکر گرفتار