سائفرکیس ضمانت منظور

جمعه 22 دسمبر 2023ء

سپریم کورٹ نے سائفر کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی،ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر نوٹس نہیں ہوا قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ابھی نوٹس کر دیتے ہیں آپ کو کیا جلدی ہے، پرانی چارج شیٹ کے خلاف درخواست غیر موثر ہوچکی،نئی فرد جرم پر اعتراض ہے تو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں،وکیل حامد خان نے کہا کہ مناسب ہوگا ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرلیا جائے،وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ 6 بجے تک ٹرائل چلتا ہے، ایسا نہ ہو آئندہ سماعت تک مکمل ہوجائے،قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لوگ کہتے ہیں ہمارے کیس چلتے نہیں، آپ کا چل رہا تو آپ کو اعتراض ہے،سپیڈی ٹرائل ہر ملزم کا حق ہوتا ہے، آپ کیوں چاہتے ہیں کہ ٹرائل جلدی مکمل نہ ہو؟فرد جرم والی درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دیتے ہیں، سلمان صفدر نے کہا کہ حامد خان درخواست میں ترمیم کرچکے، اسے نئی درخواست کے طور پر لیا جائے،جسٹس منصور نے استفسار کیا کہ ترمیم شدہ درخواست بھی ہائیکورٹ سے پہلے ہم کیسے سن سکتے ہیں؟ عدالت نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ملتوی کر دی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا، ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر نے کہا سائفر کیس میں وزارت داخلہ کے سیکرٹری شکایت کنندہ ہیں، لاہور ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں طلبی پر 7 ماہ حکم امتناع دیئے رکھا،سات ماہ تک ایف آئی اے نے خاموشی اختیار کی اور توشہ خانہ کیس میں ضمانت ہوتے ہی گرفتار کرلیا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں گرفتارکرنے کی 40 مرتبہ کوشش کی گئی، اعظم خان پر میٹنگ منٹس توڑ مروڑ کر تحریر کرنے کا الزام ہے، ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے، تعین کے باوجود نہ اعظم خان کو نہ اسدعمر کو گرفتار کیا گیا اور اعظم خان ملزم کے بجائے سائفر کیس کے مقدمے کےاندراج کے اگلے دن گواہ بن گئے،سائفر وزارت خارجہ سےآیا، پراسیکیوشن کے مطابق سکیورٹی سسٹم رسک پر ڈالا گیا، وزارت خارجہ نے سائفر سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سائفر کوڈز کی صورت میں آتا ہے، وزارت خارجہ کبھی کوڈز پر مبنی سائفر وزیراعظم کو نہیں دیتا، وزارت خارجہ وزیراعظم کو سائفر کا ترجمہ یا بریفنگ دیتی ہے، سلمان صفدر نے کہا سائفر کوڈز ہر ماہ تبدیل ہوتے ہیں، سائفر کا انگریزی ترجمہ متعلقہ لوگوں تک پہنچایا جاتا ہے، سائفر کسی کے ساتھ کبھی شیئر نہیں کیا گیا،جلسے میں کہیں نہیں کہا کہ سائفر میں کیا ہے اور کہاں سے آیا ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ سابق وزیراعظم کو جیل میں رکھنے سے معاشرے کو کیا خطرہ ہوگاوکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اعظم خان کے اہلخانہ نے انکی گمشدگی کا مقدمہ درج کروایا تھا، اعظم خان دو ماہ لاپتہ رہے، یہ اغواء برائے بیان کا واقعہ ہے،قائمقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اغواء برائے تاوان تو سنا تھا اغواء برائے بیان کیا ہوتا ہے،وکیل سلمان صفدر نے جواب دیا کہ میرے لئے سب سے آسان الفاظ اغواء برائے بیان کے ہی تھے وکیل سلمان صفدر نے کہا اعظم خان نے بیان دیا کہ سابق وزیراعظم سے سائفر مانگا تو انہوں نے کہا گم گیا ہے، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اعظم خان کے بیان میں واضح ہے کہ وزیراعظم کے پاس موجود دستاویز سائفر نہیں تھی، سلمان صفدر نے سابق سفیر اسد مجید کا بیان پڑھ کر سنادیا اور کہا اگر کچھ غلط نہیں ہوا تھا تو امریکی سفیر کو بلا کر احتجاج کیوں کیا گیا جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئےاسد مجید کے بیان میں کہیں نہیں لکھا کہ کسی دوسرے ملک کو فائدہ پہنچا ہے، عدالت سائفر پبلک کرنے کو درست قرار نہیں دے رہی لیکن بات قانون کی ہے، ابھی تک کسی گواہ کے بیان سے ثابت نہیں ہو رہا کہ کسی غیر ملکی طاقت کو فائدہ ہوا، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ایک طرف آپ کہتے ہیں مقدمہ ان کیمرا چلے گا لیکن گواہان کے بیان پڑھنا شروع ہوگئے ہیں، پراسیکیوٹر نے کہابھارت میں سائفر لہرانے پر بہت واویلا ہوا، دوطرفہ تعلقات متاثر ہونے سے دشمن کو فائدہ ہوگا،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کل بلوچ فیملیز کیساتھ جو ہوا اس پر کیا کچھ واویلا نہیں ہوا ہوگا؟جسٹس منصور علی شاہ نے کہا پاک امریکہ تعلقات خراب ہونے سے کسی اور ملک کا فائدہ ہوا اسکی تفتیش کیسے ہوئی؟ تعلقات خراب کرنے کا تو ایف آئی آر میں ذکر ہی نہیں، جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کیا وزرائے اعظم کو وقت سے پہلے باہر نکالنے سے ملک کی جگ ہنسائی نہیں ہوتی؟کیا وزرائے اعظم کو وقت سے پہلے ہٹانے پر بھی آفیشل سیکریٹ ایکٹ لگے گا؟ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی دس، دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔




``
خاتون نے مردوں سے دور رہنے کےلئے انگوٹھی کیوں پہنی؟؟ چھیالیس سالہ خاتون ٹیٹوز کا عالمی ریکارڈ بنانے کی خواہاں دولہے کی شادی سے بھاگنے کی کوشش ناکام سمندری طوفانوں کے نام ،شرائط اور طریقہ کار
پستہ قد روسی ٹک ٹاکر گرفتار فیلکن نیٹ،جسامت میں چھوٹا لیکن خطراناک پرندہ آسٹریلیا میں ایک میٹر تک بڑے مشروم کھل اٹھے وینس کی گرینڈ کینال کا پانی سبز ہو گیا