بیجنگ میں گندھارا تہذیب کے حوالے سے نمائش کا انعقاد

جمعرات 16 مارچ 2023ء

تفصیلات کے مطابق صدیوں قدیم گندھارا تہذیب پر چین کی تاریخ کی سب سے بڑی نمائش کا افتتاح ہوگیا۔ چین کے وزیر ثقافت وسیاحت جناب ہو ہیپنگ نے پاکستان کے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی وفاقی سیکریٹری محترمہ فارینہ مظہر اور چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق کے ہمراہ بیجنگ کے تاریخی ’پیلس میوزیم‘ میں نمائش کا افتتاح کیا۔ تین ماہ جاری رہنے والی اس آرٹ نمائش کا چین اور پاکستان نے مشترکہ طورپر اہتمام کیاہے ۔نمائش کا عنوان ”شاہراہ ریشم کے ساتھ گندھارا تہذیبی ورثہ“ ہے ۔ بیجنگ کے ’پیلس میوزیم‘ اور پاکستان کے ’محکمہ آرکیالوجی اینڈمیوزیمز‘ نے چین میں پاکستانی سفارت خانے کے اشتراک سے اس تاریخی نمائش کا انعقاد کیا ہے جس میں گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والے 170 نوادرات نمائش میں رکھے گئے ہیں جو پاکستان کے مختلف عجائب گھروں سے اس نمائش کے لئے چین بھجوائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ دوہزار تئیس کو پاکستان اور چین کے درمیان سیاحت کے شعبے میں روابط اور تبادلوں کے فروغ کے سال کے طور پر منایاجارہا ہے۔ یہ نمائش اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے اپنے خطاب میں نمائش کے کامیاب انعقاد پر تمام منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدیوں قدیم گندھارا تہذیب اور اس کے پاکستان کا حصہ ہونے کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان استوار ہونے والے ابتدائی روابط میں گندھارا تہذیب کا کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے اپنا مشترکہ تہذیبی ورثہ اجاگر کرنے کے لئے مل کر یہ قابل قدر کاوش کی ہے۔ تاریخی ورثہ و مقامات کے فروغ کے ساتھ ہمیں ماضی سے جذبہ حاصل کرتے ہوئے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کرنی ہے۔ انہوں نے چینی شرکاءکو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں، گندھارا کے تاریخی مقامات کی سیر کریں، پاکستان کے خوبصورت قدرتی مناظر اور روایات سے لطف اندوز ہوں۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی وفاقی سیکریٹری محترمہ فارینہ مظہر نے پاکستان اور چین کی مضبوط ومثالی دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوستی کی جڑیں تاریخ میں نہایت گہری ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کے حوالے سے نمائش کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نمائش سے نہ صرف عام چینی باشندے بلکہ پروفیشنلز اور محقیقین کی پاکستان کے بارے میں آگاہی میں مزید اضافہ ہوگا۔ دریں اثناءچین کے وزیرثقافت نے نمائش کے باضابطہ افتتاح کے بعد دیگر مہمانوں کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا اور وہاں رکھے تاریخی نوادرات کو دیکھا۔ تقریب میں چین کی حکومت کے اعلی حکام کی بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں موجودہ اسسٹنٹ سیکریٹری خارجہ اور پاکستان میں چین کے سابق سفیر نونگ رونگ، پیلس میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وینگ ژوڈونگ، سفارت کاروں، محقیقین، سیاحت و ثقافت سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کے نمائندوں، صحافیوں اور پاکستانی شہریوں نے شرکت کی۔




``
سمندری طوفانوں کے نام ،شرائط اور طریقہ کار دولہے کی شادی سے بھاگنے کی کوشش ناکام فیلکن نیٹ،جسامت میں چھوٹا لیکن خطراناک پرندہ اور بلی بچ گئی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیرو میں جوتوں کی چوری کی عجیب واردات دنیا کا سب سے چھوٹا،کیسا اور کہاں واقع ہے جانیئے۔۔۔۔۔۔ گدھا بازیاب،چور گرفتار !بھوکا ریچھ ساٹھ کیک ہڑپ کر گیا