< meta name="viewport" content="width=device-width, initial-scale=1"> --> Faisal Hakeem Urdu Columns | آبپارہ نامہ

نازک دور

پیر 09 جنوری 2023ء

ہوش سنبھالا تو اس وقت ایک جملہ سنا تھا کہ پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا،آج بالوں میں چاندی اتر آئی ہے لیکن پاکستان کا نازک دور ختم نہیں ہوا،یہ نازک دور کب ختم ہوگا کسی کو معلوم نہیں، ہر آنے والی حکومت خزانہ خالی ہونے،کرپشن الزامات کا ایک پنڈورہ باکس کھولتی ہے اور اسکا دورانیہ چار یا پانچ سال ہوتا ہے اسکے بعد پتہ چلتا ہے کہ سب کے سب سیاسی کیسز تھے پھر نئی حکومت آتی ہے اور وہ پچھلی حکومت کے حوالے سے ایسے ہی الزامات لگاتی اور کیسز بناتی ہے پاکستان کی سیاست کچھ الگ ہی ہے پوری کی پوری سیاست صرف الزامات کے گرد گھومتی ہے کبھی بھی الزامات ثابت نہیں ہوتے لیکن انہیں ثابت کرنے کی کوشش ملکی خزانے کا بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے،حکومت اپوزیشن اور اپوزیشن حکومت پر الزام لگاتی ہے ملک میں کیا حالات چل رہے ہیں اسکا کوئی اندازہ نہیں،بس سیاست صرف اقتدار کےلئے پر سب عمل پیرا ہیں آج تک سمجھ نہیں آئی کہ اس ملک کو کیسی قیادت کی ضرورت ہے کیونکہ آج تک کوئی بھی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری نہیں کر سکی،ہر حکومت کو ہٹایا گیا تو الزامات کرپشن تھے،اب جس ملک کے ذخائر ملا جلا کر بمشکل بیس ارب ڈالر سے شاید ایک یا دوبار اوپر گئے ہوں اور ہر پانچ سال بعد اسے خزانہ خالی ہونے کا سامنا ہو،اس میں کرپشن کتنی ہوگی؟ لیکن پوری دنیا میں شور مچاتے ہیں کہ کرپشن بہت ہے گزشتہ پچہتر سال سے عوام کو اسی کرپشن کا نام لیکر نعرے لگوا رہے ہیں اور آج حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ملک میں عام آدمی کو آٹا تک میسر نہیں،روٹی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو رہی ہے،مہنگائی تمام حدیں عبور کر رہی ہے لیکن ہم ہیں کہ عوام کو کوئی ریلیف دینے کے قابل نہیں،آٹا چند دنوں کے دوران ایک سو ساٹھ روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے،گھی اور تیل کی قیمتوں میں گزشتہ چند ماہ کے دوران غیر معمولی اضافہ ہوا ہے لیکن ہم کہتے ہیں سب کچھ ٹھیک ہے دنیا کے بہترین پھل،سبزیاں،چاول،کپاس ہم پیدا کرتے ہیں لیکن بر آمدات میں اضافہ کرنے کے بارے میں کوئی ٹھوس حکمت عملی نہیں اپنائی،دنیا بھر میں کھیلوں کا سامان ہمارا،سرجری کے آلات ہمارے لیکن ہماری بر آمدات کامجموعی حجم تیس ارب ڈالر تک نہیں پہنچ سکا،ہمسایہ ممالک سے زائد برآمدات میں اضافے کے حوالے سے بین الاقوامی نمائشوں کا انعقاد کرتے ہیں لیکن نتیجہ کوئی خاص نہیں کیوں؟ سیکیورٹی چیلنجز ہمیں درپیش ہیں ہمارے سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف مسلسل نبرد آزما ہیں اور قربانیاں دے رہے ہیں،لیکن پھر بھی دنیا کے مختلف ممالک پاکستان میں سفر کے حوالے سے اپنے شہریوں کو ایڈوائزریاں جاری کرتے ہیں ایسا کیوں ہے،دنیا کی زرخیز زمینیں ہمارے پاس،معدنی وسائل سے مالامال علاقے ہمارے پاس ہیں،لیکن پسماندہ ممالک میں ہمارا شمار،عوام کی ایک بڑی تعداد کےلئے دووقت کی روٹی کا حصول مشکل ایسا کیوں ہے کہ امت مسلمہ کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ملک میں توانائی کا بحران،دنیا کے کہیں ممالک کو فضائی کمپنیاں بن کر دینے والے ملک کی اپنی قومی ایئر لائن مشکلات کا شکار،ریلوے خسارے کا شکار،سٹیل مل بند ایسا کیوں ہے کہ ملک کا معاشی نظام چلانے کےلئے اداروں کی نجکاری کرنے پر مجبور ہیں،ادارے بند کرنے پر مجبور ہیں،تعلیمی ادارے سرکاری ہوتو سہولیات نہ ہونے کے برابر اور ملک کے بڑے علاقوں میں بڑی فیسیں لینے والے نجی تعلیمی اداروں کا راج،اس ملک کے نونہالوں کی بڑی تعداد آج بھی تعلیم سے دور رہنے پر مجبور،سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات پر سوالیہ نشان،عام علاج معالجے کےلئے دربدر اس سب کا جواب موجود ہے لیکن کبھی کسی نے الزامات کی بارش میں اس طرف توجہ نہیں دی نازک دور کب ختم ہوگا،ترقی کی رفتار کب تیز ہوگی اور عام آدمی کب مشکلات سے نکلے گا،وہ فلاحی مملکت کا جس کا خواب دیکھا گیا تھا وہ کب شرمندہ تعبیر ہوگا، اس سب کا جواب یہ ہے کہ جب ہم ایکدوسرے کو الزامات کی بجائے عزت دیں گے،ایکدوسرے کو تعصب کی نظر سے نہیں محبت کی نظر سے دیکھیں گے،جب وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی،جب ہر پاکستانی کو یکساں مواقع میسر ہونگے، تب پاکستان ترقی کرے گا،جب ملکی مفاد مقدم ہو گا اور سیاست خدمت کا دوسرا نام ہوگا تب یہ نازک دور ختم ہوگا،تب اس سرزمین پر اصل خوشحالی آئے گی اور تب اس ریاست کا اصل وجود قائم ہوگا جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا اس سب کا جواب ہے کہ ہمیں اس قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا جو جمہوریت کے استحکام اور اس ملک کی ترقی کو مقدم رکھے،ہر ادارہ اپنی آئینی حدود کے اندر اپنے فرائض سرانجام دے،آپس میں کوئی چپقلش نہ ہو آئیں اس خواب کی تعبیر کےلئے،اس ملک کو نازک دور سے دور نکالنے کےلئے ملکر سفر شروع کریں ،مل کر آگے بڑھیں اور اس ملک کی ترقی کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ اور ہر نازک دور کو ختم کردیں



New Jobs banner Earn Money online with the Inspedium Affiliate Program banner Best Web Hosting in Pakistan banner